سیکریٹری انرجی سے زرعی سبسڈی کی مدمیں منظورشدہ 750ملین روپے کی ادائیگی کیلئے درخواست کی ہے لیکن تاحال کوئی ادائیگی نہیں کی گئی ہے،کیسکو

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)نے صوبہ کے تمام علاقوں میں نادہندہ صارفین کے بجلی کے کنکشنز منقطع کرنے کافیصلہ کیاہے جہاں صارفین کی جانب سے بلوں کی مدمیں وصولی نہیں ہورہی اور وہ اپنے ذمہ بقایاجات بھی ادا ئیگی میں ناکام رہے ہیں۔اس سلسلے میں کیسکونے تمام سرکاری ونجی اداروں سے واجبات کی وصولی کیلئے نادہندگان کے خلاف خصوصی مہم کاآغاکردیاہے جس کے تحت تمام نادہندگان کے بجلی کنکشنزفوری طورپر منقطع کردئیے جا رہے ہیں اوراس سلسلے میں پہلے ہی تمام نادہندگان کو نوٹسز بھی جا ری کر دیئے گئے ہیں لیکن تا حال نا دہندگان کی جا نب سے ابھی تک کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔ماہ جنوری 2023تک کیسکو کے زرعی صارفین کے ذمہ بلوں کی مدمیں بقایاجات 383ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں اسکے علاوہ زرعی سبسڈی کی مدمیں صوبائی حکومت کے زمہ تقریباً 44ارب روپے واجب الاداہیں۔ زرعی اور سرکاری صارفین کی جانب سے بلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے کیسکو کے لیئے مالی مسائل پیدا ہو رہے ہیں جسکی وجہ سے نادہندگان بالخصوص زرعی صارفین کے بقایا جات میں دن بدن تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ کیسکونے سیکریٹری انرجی حکومت بلوچستان سے زرعی سبسڈی کی مدمیں منظورشدہ 750ملین روپے کی ادائیگی کے لئے درخواست کی ہے لیکن تاحال کوئی ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔ کیسکوبذات خودبجلی خریدنے اوربیچنے والی ایک کمپنی ہے جوبغیرادائیگی کرنے والے کسی بھی صارف کو بجلی فراہم نہیں کرسکتی۔صارفین کوبجلی فراہم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ کیسکوخریدی گئی بجلی کی بروقت ادائیگی کرے جو صرف اورصرف تمام صارفین کی جانب سے بلوں کی ادائیگی کی صورت میں ممکن ہے۔اسی لئے کیسکو اپنے تمام نادہندہ صارفین خصوصاً زرعی صارفین سے اپیل کر تی ہے کہ وہ اپنے بل مقررہ وقت پر اداکرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ذمے واجب الادابقایاجات کی ادائیگی کو بھی یقینی بنائیں تاکہ اُن کے بجلی کی فراہمی کے اوقات کارکو بڑھایا جاسکے۔بصورت دیگر نادہندہ صارف کے بجلی کنکشنز منقطع ہونے کی صورت میں کیسکواُن کے کسی بھی نقصان یا زحمت کی ذمہ دار نہیں ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے