طلبہ تنظیموں میں جھگڑا، قائد اعظم یونیورسٹی غیر معینہ مدت کیلئے بند
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں دو طلبہ تنظیموں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے بعد انتظامیہ نے یونیورسٹی کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا ہے۔اس ضمن میں رجسٹرار قائد اعظم یونیورسٹی نے باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے جس میں طلبہ و طالبات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ہاسٹل کو خالی کردیں۔
واضح رہے کہ یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے نتیجے میں متعدد طلبا زخمی ہوئے ہیں۔طلبہ تنظیموں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے بعد یونیورسٹی میں قیام امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کو طلب کر لیا گیا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے طلبا کے ساتھیوں نے یونیورسٹی میں احتجاج کیا اور وہاں پہنچنے والی ایمبولینس کے شیشے بھی توڑ دیے ہیں۔طلبہ تنظیموں کے درمیان ہونے والے جھگڑے کی بنیادی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔