جنرل الیکشن اسی سال ہونے ہیں ہمیں اپنی صفوں کو درست کرکے ایک منظم اندازکے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا، میر چنگیز جمالی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی نے کہا ہے کہ جنرل الیکشن اسی سال ہونے ہیں ہمیں ابھی سے اپنی صفوں کو درست کرکے ایک منظم انداز کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا،پاکستان پیپلز پارٹی قوم، مذہب، رنگ نسل اور ہر قسم تعصبات سے بلا تر ہوکر پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کو پنجگور میں صابر بلوچ کی رہائش گاہ پر ضلعی کابینہ اور سنیئر ساتھیوں کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیاسی، و تنظیمی امور سمیت صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی پی پی بلو چستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی بلوچستان کے تنظیمی دورے پر پنجگور پہنچے جہاں پاکستان پیپلز پارٹی پنجگور کے ساتھیوں نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔ میر چنگیز خان جمالی نے اجلا س سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی قوم، مذہب، رنگ نسل اور ہر قسم تعصبات سے بلا تر ہوکر پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے اور عوامی حقوق کے حصول کیلئے علاقائی پارٹیوں کے بجائے ملک گیر سیاسی قوت پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تنظیمی دورے کا مقصد بھی یہی ہے کہ بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھیوں کو متحد اور منظم کرکے انے والے جنرل الیکشن کے لئے بھر پور تیاری کے ساتھ میدان میں اتارنے کے لئے ابھی سے تیار کرنا ہے۔انہوں نے کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنرل الیکشن اسی سال ہونے ہیں ہمیں ابھی سے اپنی صفوں کو درست کرکے ایک منظم انداز کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کارکن پاکستان پیپلز پارٹی اور چیرمین بلاول بھٹو کا پیغام گھر گھر پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے آنے والے دور میں بلوچستان کا وزیر اعلی جیالہ اور وزیر اعظم پاکستان بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حاجی قاسم خان اچکزئی، صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سردار عمران بنگلزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔