گوادر کی ترقی نہ صرف ملکی بلکہ خطہ کی خوشحالی کا ضامن ہوگا،مجیب الرحمان

گوادر(ڈیلی گرین گوادر)ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے مجیب الرحمان نے کہا ہے کہ گوادر کی ترقی نہ صرف ملکی بلکہ خطہ کی خوشحالی کا ضامن ہوگا۔ چہابہار اور گوادر کے درمیان موجود قدیم تعلق کی بنیاد پر تجارت، سیاحت اور ثقافت کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے اور اس ضمن میں کراچی گوادر، اور ایران کے درمیان فیری سروس کا منصوبہ سنگ میل ثابت ہوگا،پاکستان کے ساتھ سالانہ تجارتی حجم ڈیڑھ ارب ڈالر سے بڑھا کر پانچ ارب ڈالر تک لیجانے کے خواہاں ہیں۔ ایرانی قونصل جنرل ہفتہ کے روز کوئٹہ میں تعینات ایرانی قونصل جنرل حسن گولیوند درویش نے دورہ گوادر کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے مجیب الرحمن قمبرانی سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ڈائریکٹر جنرل نے قونصل جنرل کو گوادر سے متعلق تفصیلی بریفننگ دی اور گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹرپلان پر عملدرآمد اور ان میں شامل ترقیاتی منصوبوں سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ ایران کی طرف سے 100میگاواٹ اضافی بجلی کی فراہمی بطور برادر اسلامی ہمسایہ ملک کے درمیان مضبوط دوستی کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا جی ڈی اے نے گوادر میں پانی، تعلیم، صحت، روڑز، کھیل کے میدان پارکس، انٹرنیشنل ائیرپورٹ، سمیت تمام بنیادی سہولیات مہیا کیے ہیں جبکہ بجلی ایران سے حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان کے تحت پچیس سو ایکڑ اراضی پر مشتمل سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ یعنی ڈان ٹان اور بیس ہزار ایکڑ پر مشتمل صنعتی زون قائم کررہے ہیں۔ جنکی تکمیل سے گوادر عالمی سطح پر ایک بین الاقوامی معاشی اور سیاحتی شہر بن جائے گا جو کہ نہ صرف ملکی بلکہ خطہ کی خوشحالی کا ضامن ہوگا۔ قونصل جنرل نے گوادر کی ترقی اور ماسٹر پلان میں موجود منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کی ترقی و خوشحالی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ ہم پاکستان کے ساتھ سالانہ تجارتی حجم ڈیڑھ ارب ڈالر سے بڑھا کر پانچ ارب ڈالر تک لیجانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ایران قدرتی ذرائع سے توانائی پیدا کرنے کے منصوبوں میں دلچسپی رکھتا ہیجس میں شمسی توانائی سے تین سو میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے۔ ملاقات میں چہابہار اور گوادر کے درمیان کاروباری، سیاحتی، ثقافتی روابط کو اجاگر کرنے کے لیے وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے