ملک نصیرشاہوانی کی قیادت میں وفاقی وزراء پرمشتمل کمیٹی سے ملاقات
اسلام آباد/کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان اسمبلی کے پارلیمانی وفد نے قائم مقام اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل،اپوزیشن لیڈر ملک سکندرایڈووکیٹ اور زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ملک نصیرشاہوانی کی قیادت میں گزشتہ روز وفاقی وزراء پرمشتمل کمیٹی سے ملاقات کی کمیٹی میں وفاقی وزراء انجینئر خرم دستگیر،خواجہ آصف، میر ہاشم نوتیزئی جبکہ پارلیمانی وفد میں انجینئر زمرک خان اچکزئی،عبدالخالق ہزارہ،نصیب اللہ مری،میرزابد ریکی،حاجی اصغر ترین،اکبر مینگل،سید عزیز اللہ آغا، نصراللہ زیرے ودیگر شامل تھے۔پارلیمانی کمیٹی نے وفاقی وزراء پرمشتمل کمیٹی کو بلوچستان میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، گیس کے بحران سے متعلق آگاہ کیااور بتایاکہ بلوچستان میں کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میں موسم سرما کے آغاز کے ساتھ گیس کی شدید قلت اور موسم گرما کے آغاز کے ساتھ بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کا رویہ درست نہیں ہے، گیس اور بجلی کے مسئلے کے حل کے لئے فوری طور پر سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں،گیس نہ ہونے کی وجہ سے خواتین کو کھانا پکانے اور گھریلو امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،کوئٹہ،پشین،مستونگ سمیت مختلف اضلاع میں 24گھنٹوں میں سے صرف 4گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں ٹرانسفامر اتارنے کا سلسلہ بھی جاری ہے خدشہ ہے کہ واپڈا اور عوام آمنے سامنے آجائیں گے،عین سیزن میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے زرعی شعبہ تباہی کے دہانے پرپہنچ گیاہے۔