معاشی مشکلات ضرور، ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں،اسحاق ڈار
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک کے ڈیفالٹ کرنے سے متعلق افواہوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی مشکلات ضرور ہیں لیکن ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں۔سینیٹ ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ موثر حکومتی پالیسیوں کی بدولت مشکلات پر قابو پالیں گے، ہماری معاشی ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے، مشکل سے نکل آئیں گے۔
چیئرمین سینیٹ نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دن رات محنت کرنا ہو گی تب ہی مشکل حالات سے نکل سکیں گے، وزیر خزانہ کے ابھی تک کے اقدامات پر چیئرمین سینیٹ نے اظہار اطمینان کیا، چیئرمین سینیٹ اور اراکین نے سینیٹر اسحاق ڈار کی کاوشوں کو سراہا۔
قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی چیئرمین سینیٹ کی تجاویز کا خیر مقدم کیا، سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ نے اچھی تجاویز دی ہیں ان سے اتفاق کرتے ہیں، یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملک گھمبیر حالات سے گزر رہا ہے گولڈن جوبلی تقریبات سادگی سے ہوں۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ تقریبات کا انعقاد سادگی اور پرجوش طریقے سے کیا جائے، سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ حکومت اشیا خور و نوش کی قیمتوں کو کم کرنے کے لئے موثر اقدامات اٹھائے۔سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے پارلیمنٹیرینز کی تنخواہوں اور گاڑیوں میں کمی کے حوالے سے احسن اقدام اٹھایا ہے، سول بیورو کریسی کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھائیں۔