چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نعیم اختر افغان سے فاریسٹ اکیڈمی پشاور کے فارغ التحصیل گریجویٹس کی ملاقات
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نعیم اختر افغان سے گزشتہ روز فاریسٹ اکیڈمی پشاور کے فارغ التحصیل گریجویٹس نے ملاقات کی۔اس موقع پرجسٹس محمد ہاشم کاکڑ‘ سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات نور احمد پرکانی کنزرویٹر فاریسٹ نیاز کاکڑ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس نعیم اختر افغان نے جنگلات و جنگلی حیات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور امید ظاہر کی کہ فاریسٹ اکیڈمی پشاور کے طلبہ فیلڈ میں جا کر جنگلات اور جنگلی حیات کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اس موقع پر سوالات و جوابات کا سیشن بھی ہوا۔ دریں اثنا چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نعیم اختر افغان نے بلوچستان ہائیکورٹ کے احاطے میں درخت لگا کر شجر کاری مہم کا بھی افتتاح کیا۔