محکمہ جیل خانہ جات مالی مشکلات کا شکار، ٹھیکیداروں نے دو سال سے واجبات کی عدم ادائیگی پر راشن کی سپلائی بند کرنے کی دھمکی دے دی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کا محکمہ جیل خانہ جات مالی مشکلات کا شکار ہوگیا، قیدیوں کوکھانے کیلئے راشن مہیا کرنے والے ٹھیکیداروں نے دو سال سے واجبات کی عدم ادائیگی پر راشن کی سپلائی بند کرنے کی دھمکی دے دی۔بلوچستان کی گیارہ جیلوں اور جوڈیشنل لاک اپ کے قیدیوں کے کھانے کیلئے راشن فراہم کرنے والے ٹھیکیداروں نے محکمے کو دی جانے والی درخواستوں میں مطالبہ کیا ہے کہ ان کے دوسال کے واجبات 28 فروری تک ادا کردئیے جائیں بصورت دیگر قیدیوں کو راش کی سپلائی روک دی جائے گی۔اس حوالے سے محکمہ جیل خانہ جات کے حکام نے بتایا کہ مالی سال 2021-22کے دوران جیل ٹھیکیداروں کے 5 کروڑ 11لاکھ روپے واجب الادا ہیں جبکہ رواں مالی سال کے 11 کروڑ 75 لاکھ روپے کی ادائیگی کرنا ہے۔جیل حکام نے بتایا کہ فنڈز کے حصول کیلئے سمری محکمہ داخلہ کو بھجوادی گئی ہے۔جیل حکام نے مزید بتایا کہ اگر بلوچستان میں جیل بھرو تحریک شروع ہوتی ہے تو اس کیلئے اضافی فنڈز کی ضرورت ہوگی۔