سانحہ بار کھان میں ملوث اصل ملزمان کو فوری طور پر گرفتارکرکے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیاجائے،لالا یوسف خلجی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے بارکھان میں اغواء کے بعد خاتون اوراسکے دو بیٹوں کو بے دردی سے شہید کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بلوچ،پشتون قبائلی روایات کے منافی اقدام قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث اصل ملزمان کو فوری طور پر گرفتارکرکے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیاجائے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالا یوسف خلجی نے کہا کہ خان محمد مری اورانکی بیوی اور بچوں کو اغواء کرکے جس طرح تشدد اور زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور بعدازاں خان محمد مری کی اہلیہ اوردو بیٹوں کو بے دردی سے شہید کیا گیا اس درندگی کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک قبائلی صوبہ ہے جہاں خواتین کو خاص عزت واحترام کی نگاہ سے دیکھاجاتا ہے لیکن خاتون اوراسکے بیٹوں کے قتل کے واقعہ نے بلوچستان کے عوام کے سرشرم سے جھکادیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ خاتون اوراسکے بیٹوں کو بے دردی سے شہید کرنے اوردیگرتین بچوں کی تاحال عدم بازیابی کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعہ کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرکے اس میں ملوث اصل ملزمان اورانکے آلہ کاروں کو گرفتارکرکے کڑی سے کڑی سزا دلائیں بصورت دیگر بلوچستان امن جرگہ سخت احتجاج پر مجبور ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے