وزیراعلیٰ بلوچستان نے لسبیلہ سلنڈر دھماکہ کے جاں بحق افراد کے ورثاء اور زخمیوں کو معاوضہ کی ادائیگی کے منظوری دے دی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے لسبیلہ سلنڈر دھماکہ کے جاں بحق افراد کے ورثاء اور زخمیوں کو معاوضہ کی ادائیگی کے منظوری دے دی۔ پیر کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے محکمہ داخلہ و قبائلی امور بلوچستان کی جانب سے ارسال کی گئی سمری پر لسبیلہ سلنڈر دھماکہ کے جاں بحق افراد کے ورثاء اور زخمیوں کے لئے معاوضے کے ادائیگی کی منظوری دے دی۔سانحہ میں جاں بحق افراد کے ورثاء کو15لاکھ روپے شدید زخمیوں کو 5لاکھ روپے اور معمولی زخمیوں کو 2لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے۔واضح رہے کہ جاں بحق افراد کے ورثاء اور زخمیوں کو معاوضہ کی ادائیگی کے لئے ڈی سی لسبیلہ کی سربراہی میں ضلعی معاوضتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔سانحہ لسبیلہ دہشت گردانہ واقعہ کے زمرے میں نہ آنے کے باوجود وزیراعلیٰ نے متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے تشکیل دی جانے والی کمیٹی کی سفارشات پر جلد از جلد معاوضوں کی ادائیگی کی منظوری دی ہے۔