مہنگائی کے ہاتھوں عوام دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں،لالایوسف خلجی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالایوسف خلجی نے کہا ہے کہ مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے مہنگائی کے ہاتھوں عوام دو وقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں حکمران اورسیاسی جماعتیں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے میں مصروف ہیں اگر حکمرانوں نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے فوری اقدامات نہ اٹھائے تو عوام کا ہاتھ اور سیاسی قائدین کے گریبان ہونگے پھر حالات کنٹرول کرنا کسی کے بس کی بات نہیں ہوگی۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالا یوسف خلجی نے کہاکہ اسوقت پورے ملک میں مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے رہی سہی کسر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے نے پوری کرکے رکھ دی اورعوام دووقت کی روٹی کے محتاج ہوچکے ہیں روزگار نہ ہونے کی وجہ سے پڑھے لکھے نوجوان چور ی اورڈکیتی کی وارداتیں کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام کو ریلیف فراہم کرناحکمرانوں اورسیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے جس میں وہ بری طرح ناکام ہوچکے ہیں حکمران اورسیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف الزامات لگانے اور ٹانگیں کھینچنے میں مصروف ہیں انہیں عوام سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں اورسیاسی جماعتوں نے فوری طور پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات نہ اٹھائے تو پھر عوام کے ہاتھ اورانکے گریبان ہونگے اور حالات کو کنٹرول کرنا کسی کے بس کی بات نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان امن جرگہ وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں فوری طور کمی اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔