عمران خان خود ضمانت لے کر کارکنان کو جیل جانے کامشورہ دے رہے ہیں،شیری رحمن
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر شیری رحمن کہتی ہیں عمران خان خود ضمانت لے کر کارکنان کو جیل جانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ٹویٹر پیغام میں لکھا یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف کے صرف 16 سو ورکرز نے رجسٹریشن کرائی ہے۔ عوام کے بعد پی ٹی آئی کارکنان نے بھی عمران خان کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے.
مزید لکھا کہ یومیہ چند ورکرز کی گرفتاری کا تحریک بحالی جمہوریت (ایم آر ڈی) سے موازنہ کیا جا رہا ہے، تحریک انصاف ملک میں جمہوریت کی جدوجہد سے بلکل ناواقف ہے، ایم آر ڈی میں سینکڑوں لوگ اور کارکنان شہید ہوئے، ہزاروں کو جیلوں میں ڈالا گیا تھا۔ پی ٹی آئی کی لاعلمی پر افسوس ہی کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم آر ڈی تحریک ضیاء کی آمریت کے خلاف اور جمہوریت اور آئین کی بحالی کے خاطر تھی۔ ایم آر ڈی کسی شخص کی ذاتی سیاست بچانے یا کسی بیانیہ کے لئے نہیں تھی۔ عمران خان کی ‘جیل بھرو تحریک’ ان کی ذاتی سیاسی مقاصد کیلئے ہے۔ اس مہم کا جمہوریت، ملک اور عوام سے کوئی لینا دینا نہیں۔