مسلم لیگ(ن) کو بلوچستان میں فعال اور مضبوط بنانا میرا عزم ہے،شیخ جعفر مندوخیل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر سابق صوبائی وزیر شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کو بلوچستان میں فعال اور مضبوط بنانا میرا عزم ہے، پارٹی کے تما م دوستوں کو ساتھ لیکر چلونگا جلد ہی بلوچستان سے اہم سیاسی شخصیات پارٹی میں شامل ہونگی،آئندہ عام انتخابات کے بعد مرکز اور صوبے میں مسلم لیگ(ن) حکومتیں بنائے گی۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ قبل ازیں کوئٹہ پہنچنے پر کوئٹہ ایئر پورٹ پر مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شیخ جعفر مندوخیل کا استقبال کیا انہیں ہار پہنائے اور پھول نچھاور کئے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صوبائی سینئر نائب صدور ملک ظاہر کاکڑ، نسیم الرحمن ملاخیل، نصیر اچکزئی، چوہدری نعیم کریم، ملک انور نسیم کاسی، نجم الدین مینگل، طارق بٹ، ہمایوں الکوزئی،کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، چمن،ژوب، موسیٰ خیل، اوستہ محمد سمیت دیگر اضلاع کے رہنماء اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ جعفر مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) کی از سر نو تشکیل اور اسے فعال بنائیں گے،پارٹی قائد میاں نواز شریف نے لند ن بلا کر پارٹی کی قیادت سونپی ہے ہم قیادت کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے وسیع ترمفاد میں صوبے بھر میں پارٹی فعال کیا جائیگا عنقریب صوبے کی قدر آور سیاسی شخصیات مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونگی ہم صوبے قبائلی و سیاسی زعماء کو آن بورڈ لیں گے اور آئندہ عام انتخابات کے بعد اپنے اتحادیوں کے ساتھ ملکر صوبے میں حکومت بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں کو اعتماد میں لیکر فیصلے کئے جائیں گے تمام فیصلوں میں ساتھیوں کی مشاورت ہوگی اور کسی بھی قسم کی گروہ بند ی کی سختی سے نفی کی جائیگی ہم پارٹی کو خوبصورت گلدستہ بنا کر مسلم لیگ(ن) کا پیغام گھر گھر پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن عام انتخابات سے قبل تیاریاں کریں اور اپنے آپ کو منظم بنائیں تاکہ صوبے کو مسلم لیگ(ن) کا گہوارہ بنایا جاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے