اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے عوامی فنڈز کے شفاف استعمال کیلئے پر عزم ہے،وائس چانسلر جامعہ گوادر

گوادر(ڈیلی گرین گو ادر)جامعہ گوادر کی تیسری فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی اجلاس زیر صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر گزشتہ دن جامعہ گوادر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں جامعہ گوادر کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ دوستین جمالدینی رجسٹرار دولت خان، ڈائریکٹر فنانس شفیع محمد، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر جان محمد، ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر کمبر فاروق، لیکچرار مجائد حسین اور سعدیہ نصیر شریک تھے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ ان کا ادارہ خطے میں اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے عوامی فنڈز کا شفاف استعمال اور مالیاتی قواعد و ضوابط پر قائم رہنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر یونیورسٹی مالیاتی نظم و ضبط پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور اسے ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔ ہاؤس نے سنڈیکیٹ کی دوسری میٹنگ، اکیڈمک کونسل کی تیسری میٹنگ، اور فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی دوسری میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق کے علاوہ، مالی سال 2023-24 کے بجٹ کے تخمینے کی منظوری اور، سال 2023 کے لیے یونیورسٹی کی سالانہ رپورٹ کی توثیق کی۔ اجلاس کے دوران ملازمین کی پنشن، ریٹائرمنٹ پلانز، الاوئنس اور ہیلتھ اسکیموں کے علاوہ ٹیچنگ فیلوز اور وزٹنگ ٹیچنگ اسٹاف کے تنخواوں اور طلبہ کی فیسوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور مزید غور و خوض اور منظوری کے لیے سنڈیکیٹ اور سینیٹ میں پیش کرنے کی سفارش کی گئی۔ سنڈیکیٹ کے معزز اراکین نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی کے مفاد اور استحکام کو ترجیح دیتے ہوئے ادارے کے اہم تعلیمی اور انتظامی معاملات کو یونیورسٹی کے آئینی اداروں کے فیصلوں کے مطابق حل کیا جا رہا ہے جس سے مزید ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔آخر میں وائس چانسلر نے اجلاس کے شرکا کی فعال شرکت اور گوادر یونیورسٹی کی ترقی کے لیے تجاویز کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے