میر عبدالقدوس بزنجو کھیلوں کی ترقی اور ترویج میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں،عمران گچکی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری عمران گچکی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بروری روڈ کوئٹہ پر امور حیوانات کی اراضی پر فٹبال اسٹیڈیم کی تعمیر سے متعلق منصوبے کو شروع کرنے اور لائیو سٹاک کے اراضی پر قائم پولٹری فارم کے لیے متبادل زمین کی الاٹمنٹ اور پولٹری فارم کے تعمیر کے منصوبے کو آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متبادل اراضی کے حصول کے لئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور لینڈ ایلویشن کمیٹی کو اعتماد میں لیا جائے گا اجلاس میں سیکرٹری لائیو سٹاک ارشد بگٹی، ڈی جی اسپورٹس درا بلوچ، ڈی سی کوئٹہ شہک بلوچ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ منصوبے پر عمل درآمد کے آغاز کے لئے فٹبال اسٹیڈیم کے منصوبے کے ضروری جزئیات پر جلد کام شروع کیا جائے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کھیلوں کی ترقی اور ترویج میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور ہمیں بھی اپنے نوجوانوں کو تعمیری اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے مواقعوں کو فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہمارے نوجوان کھیل کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔