ٹیکسوں کا بوجھ اور مہنگائی کے اثرات غریب طبقات کے بجائے امیروں کو منتقل کئے جائیں،روزی خان کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے ملک میں کمر توڑ مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بدترین مہنگائی میں غریب کے لئے گوشت اور پوست کا رشتہ برقرار رکھنا ناممکن ہوگیا،پیٹرول، بجلی، گیس خوردنی تیل اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی پر محروم طبقات کے لئے خصوصی رعایت دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس بدترین مہنگائی نے محنت کشوں، مزدوروں، کسانوں اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دیا، اگر چہ اس تمام تر معاشی بحران کی ذمہ دار پی ٹی آئی اور عمران خان ہے لیکن اتحادی حکومت سے بھی عوام کی اچھی توقعات وابستہ تھیں کہ وہ عمرانی دور حکومت کی پیدا کردہ معاشی بحران اور خصوصاً مہنگائی میں کمی لانے کے لئے مثبت اقدامات اٹھائے گی۔انہوں نے کہا کہ غریبوں کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے ٹیکسوں کا بوجھ امیر طبقے پر ڈالا جائے گا لیکن غریبوں کے توقعات کے برعکس گیس، بجلی، پٹرول اور خوردنی اشیاء پر ٹیکس لگا کر پاکستان پیپلز پارٹی کے روایتی طبقات غریبوں، مزدوروں، کسانوں اور محروم طبقات کو نان شبینہ پر مجبور کردیا۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ پسے ہوئے طبقات کو زندہ رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ پیٹرول، بجلی، گیس خوردنی تیل اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی پر محروم طبقات کے لئے خصوصی رعایت دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں اور ٹیکسوں کا بوجھ اور مہنگائی کے اثرات غریب طبقات کے بجائے امیروں کو منتقل کئے جائیں۔