زلزلہ متاثرین سے یکجہتی کے لیے وزیراعظم ترکیہ پہنچ گئے، ترک صدر سے ملاقات

اسلام آباد / انقرہ (ڈیلی گرین گوادر) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر انقرہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے صدارتی محل میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ترکیہ کے زلزلہ متاثرین سے اظہارِ یکجہتی اور زلزلہ زدہ علاقوں کے دورے کیلئے انقرہ پہنچ گئے۔ انقرہ ہوائی اڈے پر اعلی ترک حکام اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔بعد ازاں وزیراعظم صدارتی محل پہنچے جہاں اُن کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوئی۔ وزیر اعظم نے ترکیہ کے صدر رجب طیب ادرگان سے زلزلے کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان پر افسوس اور ترک عوام سے یکجہتی کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور چیئرمین NDMA لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک بھی ہیں۔قبل ازیں دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ 6 فروری کو ترکی میں آنے والے ہولناک زلزلے میں ترک عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے 16 اور 17 فروری کو ترکیہ میں ہوں گے۔

دفتر خارجہ کے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے اور زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصان پر پاکستانی قوم کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کریں گے۔علاوہ ازیں وزیراعظم جنوبی ترکیہ کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے جہاں وہ امدادی کاموں میں حصہ لینے والی پاکستانی ریسکیو ٹیموں کے ساتھ ملاقات بھی کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے