یونیورسٹی آف بلوچستان سب کیمپس خاران میں ویلکم اور الوداعی تقریب کا اہتمام

خاران(ڈیلی گرین گوادر)یونیورسٹی آف بلوچستان سب کیمپس خاران میں ویلکم اور الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ یہ تقریب ہر سال کی طرح اس سال بھی کمپوٹر سائنس کے طلبا کی چار سالہ ڈگری مکمل ہونے پر الوداع اور بی بی اے فرسٹ ائیر طلبہ کو ویلکم کرنے پر منعقد کی گئی۔ اس تقریب کے صدارت یونیورسٹی آف بلوچستان سب کیمپس خاران کے ڈائریکٹر عقیل احمد بلوچ نے کی تقریب میں سب کیمپس اساتذہ، غیر تدریسی عملے اور طلبا و طالبات کثیر تعداد نے شرکت کی، پروگرام کے انتظامی امور لیکچرار رحم دل صبا۔ محبوب شاہ، امانت حسرت ابرار احمد اوربختیار احمد نے سنبھالے۔ تقریب میں نظامت کے فرائض نوجوان طلبا شکیل احمد اور صائمہ مجید نے سرانجام دی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حافظ شکراللہ نے حاصل کی بعد ازاں طلبہ نے خیر مقدمی کلمات ادا کرتے ہوئے سب کیمپس خاران کے تعلیمی امور اور انتظامی معاملات کی تعریف کی۔ انھوں نے ڈائریکٹر سب کیمپس کو خراج تحسین پیش کیا کہ جن کے تعاون سے وہ رخشاں ڈویژن کے اس اہم تعلیمی ادارے سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انھوں نے سینئر طلبا کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے اپنا تعلیمی سیشن انتہائی نظم و ضبط اور سنجیدگی سے گزارا۔تقریب سے ڈائریکٹر عقیل احمد بلوچ نے طلبا کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ،مجھے یہاں کے طلبا کو دیکھ کر فخر ہوتا ہے جو نہایت سنجیدگی اور نظم و ضبط کے ساتھ علم کے حصول کے خواہاں ہیں۔ طلبہ کی روشن آنکھوں میں کچھ پا لینے کی لگن ہے۔ علم ترقی کا زینہ ہے، نوجوانوں کو چاہیے کہ اپنے بہتر مستقبل کے حصول کے لیے مستقل مزاجی، تن دہی اور بہترین صلاحیتوں کے ساتھ اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔طلبا کو بہتر ماحول کی فراہمی ہماری ذمے داری ہے اور اسے پورا کرنے کی کما حقہ کوشش کی جا رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ طلبا خوش قسمت ہیں کہ یہاں انہیں گھر کی دہلیز پر اعلی اور معیاری تعلیم کا حصول ممکن ہوا ہے ہمیں ملکر طلبا کی پوشیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے درس و تدریس کے ساتھ ساتھ یہاں ہمیں غیر نصابی سرگرمیوں پر بھی بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یونیورسٹی آف بلوچستان سب کیمپس خاران ہر لحاظ سے رخشاں ڈویژن کا ایک مثالی تعلیمی ادارہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ علم کے متلاشی طلبا اس ادارے سے ضرور فیض یاب ہوں۔اس موقع پر ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ شاکرعلی بلوچ،کمپوٹر سائنس کے طلبا فضل کریم اور بی بی اے فرسٹ کے حافظ رحمت اللہ نے بھی خطاب کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے