ایم پی اے گوادر کے ایماء پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ سے ملاقات پر پابندی عائد کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے،واجہ حسین واڈیلہ
گوادر (ڈیلی گرین گوادر) ایم پی اے گوادر اور دیگر طاقتوں کے ایماء پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ سے ملاقات پر پابندی عائد کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور عوام کو اشتعال دلانے کے مترادف ہے، ضلعی انتظامیہ پولیس افسران ہوش کے ناخن لیں اور ڈکٹیشن لینا بند کریں، ٹرالرز مافیا اور منشیات فروشوں کے سامنے بھیگی بلی بننے والے اپنی طاقت صرف عوام اور عوامی رہنماؤں پر دکھاتے ہیں، حق دو تحریک بلوچستان کے چیئرمین واجہ حسین واڈیلہ نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس افسران کی جانب سے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ سے ہر قسم کے ملاقات پر پابندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی اے گوادر اور دیگر طاقتوں کے ایماء پر ایک عوامی سیاسی نمائندے پر جوڑیشل لاک اپ میں. ہر قسم کی ملاقات پر پابندی عائد کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور عوام کو اشتعال دلانے کے مترادف ہے۔ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے ٹرالرز مافیا کے خلاف مفلوج ہیں اور ان کے سامنے ایک سرکاری اہلکار کو اغواء کرکے کراچی لے جایا جاتا ہے مگر ان کی توجہ مولانا کو مزید قید رکھنے کے ہتھکنڈوں پر مرکوزہے جبکہ دوسری جانب پولیس کے افسران بھی کٹھ پتلی بنے ہوئے ہیں منشیات فروشوں اور چوروں کے سامنے بھیگی بلی بنے اہلکاروں صرف عوام اور عوامی نمائندوں کو تنگ کرنے پر توانائیاں خرچ کررہے ہیں۔واجہ حسین واڈیلہ نے کہا کہ ایسے ہتھکنڈے عوام کو اپنے قائد سے دور نہیں کرسکتے اور نہ ہی ان کی محبت کم ہوگی. البتہ کٹھ پتلی سرکاری اہلکاروں اور جعلی عوامی نمائندوں کے لئے نفرت مزید بڑھ رہی ہے اور نفرت لاوا بن کر ان پر گرے گی۔