ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ایم او پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاس میں بریفنگ دیں، سینیٹر رضا ربانی
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) اور ڈی جی ملٹری آپریشنز (ایم او) پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاس میں بریفنگ دیں۔ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے مذاکرات پر بھی اعتماد میں لیا جائے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ وزیر داخلہ ایوان میں ہونے چاہئیں، ملک میں امن و امان کی صورتحال پر بحث ہو رہی ہے تاکہ وہ جواب دے سکیں۔
سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ دہشت گردی پر ارکان کی گفتگو بے معنی ہوگئی ہے، سب سے پہلے حکومت اس پر پالیسی بریفنگ دے۔ پالیسی بیان آنے کے بعد ہی ارکان بہتر تجاویز دے سکیں گے۔وزیر مملکت برائے داخلہ عبدالرحمان کانجو نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ گوادر گئے ہوئے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ خود آکر پالیسی بیان دیں گے۔