میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کا مالی بحران شدت اختیار کرگیا مجموعی طور پر واجبات 40 کروڑ روپے سے تجاوز کرگئے

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) میٹر و پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کا مالی بحران شدت اختیار کرگیا مجموعی طور پر واجبات 40کروڑ روپے سے تجاوز کر گئے، صفائی کے بعد ملازمین بھی چار ماہ سے تنخواہوں اور پنشن سے محروم ہوگئے۔ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ عبدالجبار بلوچ نے بتایا کہ میٹر و پولیٹن کارپور یشن اس وقت شدید مالی بحران کا شکار ہے۔ انہوں نے بتایاکہ 30کروڑ روپے واجبات کی ادائیگی نہ ہونے پر پیٹرول پمپ مالک نے ادارے کو مزید ایندھن دینے سے منع کردیا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ 10روز سے صفائی اور کچہرہ اٹھانے کا کام مکمل طور پر بند ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈیکی ویجز ملازمین چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جبکہ ادارے نے 8کروڑ روپے پنشن بھی ادا نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحران کی وجہ صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈز نہ ملنا ہے اگر ادارے کے پیسے جاری کردئیے جائیں تو بحران حل ہو سکتا ہے۔دریں اثناء بلوچستان اسمبلی کے باہر میٹرو پولیٹن کارپور یشن کے ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا بھی دیا۔ مظاہرین سے صوبائی وزیر خزانہ انجیئنر زمرک خان اچکزئی، ارکان اسمبلی اختر حسین لانگو اور قادر علی نائل نے مذاکرات کئے اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ ملازمین کی تنخواہیں تین روز میں ادا کی جائیں گی جبکہ عارضی ملازمین کی تنخواہیں بھی بڑھائی جائیں گی جس کے بعد ملازمین نے احتجاج ختم کردیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے