ترک بھائیوں کیلئے ہرممکن امدادی اقدامات کررہے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ اور پاکستان ایک خاندان کی طرح ہیں، زلزلے سے بحالی تک مکمل تعاون کیا جائے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ترک سفارت خانے کا تعزیتی دورہ کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ ترکیہ کے سفارت خانے کا تعزیتی دورہ کیا اور اس دوران ترک حکام سے تباہ کن زلزلے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور پاکستان کی جانب سے تعاون کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان ایک خاندان کی طرح ہیں، ہم اس دکھ اور مشکل کی گھڑی میں ترکیہ کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیراعظم نے ترک حکام پر زور دیا کہ وہ وہ ترکیہ میں ہونے والی تباہی سے متعلق تفصیلات روزانہ کی بنیاد پر فراہم کریں تاکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اس سے متعلق ضروری اقدامات کر سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ نے 2005 کے زلزلے، 2010 کے سیلاب اور 2022 میں آنے والی سیلابی تباہی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا جس کو ہم کبھی بھلا نہیں سکتے اور ترکیہ کے لوگوں کے مشکور ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ترکیہ کے لوگوں پر مشکل کی گھڑی ہے جس میں ہزاروں افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اس لیے پاکستان بحیثیت برادر ملک اپنی بھرپور معاونت فراہم کرے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ زلزلے سے متاثر ہونے والوں کی بحالی تک ترک بھائیوں کی معاونت جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم ترک بھائیوں کی بھرپور مدد اور ان کی بحالی کے لیے اپنی کوششوں کا اعادہ کرتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ زلزلے سے ہونے والی تباہی کے موقع پر اور اس دکھ کی گھڑی میں ترکیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔خیال رہے کہ ترکیہ اور شام میں صدی کے تباہ کن زلزلے کو ایک ہفتہ گزر چکا ہے جہاں ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں تاحال جاری ہیں جبکہ دونوں ممالک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 37 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے