اسامہ ستی قتل کیس، مجرم پولیس اہل کاروں نے سزا کا فیصلہ چیلنج کردیا
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) اسامہ ستی قتل کیس میں مجرم قرار دیے گئے پولیس اہل کاروں نے سزا کا فیصلہ چیلنج کردیا۔کیس میں سزائے موت پانے والے 2 پولیس اہل کاروں نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔پولیس اہل کاروں کی اپیل پر اسلام آباد ہائی کورٹ کا جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل 2 رکنی بینچ آج سماعت کرے گا ۔
درخواست میں پولیس اہل کار افتخار احمد اور محمد مصطفی کی سزائے موت کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست مزید کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ قانون سے متصادم ہے ، کالعدم قرار دیا جائے ۔ ٹرائل کورٹ کی طرف سے سنائی گئی سزا کو ختم کر کے مقدمے سے بری کیا جائے۔بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسامہ ستی قتل کیس میں سزائے موت پانے والے 2 پولیس اہلکاروں کی ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر فریقین کونوٹسز جاری کرتے ہوئے 13مارچ تک جواب طلب کر لیا۔