سوراب گدر بازار قلات ڈویژن کا سب سے مہنگا بازار بن چکا ہے ، شہری

سوراب (ڈیلی گرین گوادر)سوراب اور گرد و نواح میں میں مہنگائی کا جن بے قابو، انتظامیہ کی چشم پوشی اور غفلت سے فائدہ اٹھاکر گراں فروش لاچار عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، گدر بازار قلات ڈویژن کا سب سے مہنگا بازار بن چکا ہے جہاں ہر چیز دوگنی قیمت پر فروخت کی جارہی ہے مگر پوچھنے والا کوئی نہیں، سوراب بازار میں واقع ضلع کا واحد یوٹیلیٹی سٹور بھی غیر فعال، شہریوں کا اعلی حکام سے سوراب میں خود ساختہ مہنگائی کے خلاف اقدامات کی اپیل، تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی چشم پوشی اور غفلت کے نتیجے میں سوراب شہر اور گردونواح میں آسمان سے باتیں کرنے والی خود ساختہ مہنگائی نے غریب طبقہ کی زندگی اجیرن کردی ہے، سوراب اور گدر میں دکاندار انتظامیہ کی ملی بھگت سے اشیا خوردونوش کی منہ مانگی قیمت وصول کرکے لاچار عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں لیکن پوچھنے والا کوئی نہیں، بدترین خود ساختہ مہنگائی کی وجہ سے گدر بازار قلات ڈویژن کا سب سے مہنگا بازار بن چکا ہے جہاں ہر دکان کے ریٹ دوسرے سے مختلف جبکہ تندوروں پر فروخت ہونے والی روٹی کا وزن انتہائی کم ہے، متاثرہ عوام کے مطابق پورے ملک میں جاری مہنگائی کا تناسب سوراب اور گدر میں دگنا ہے، انتظامیہ کے آفیسران اپنے فرائض سے غافل اور دانستہ چشم پوشی کا مظاہرہ کررہے ہیں، قیمتوں کی نگرانی کا کوئی انتظام نہیں اور نہ ہی خود ساختہ گراں فروشی کے لیے کوئی عملی اقدام اٹھایا جاتا ہے، آفیسران کی غفلت اور مصلحت کی قیمت یہاں کی غریب عوام کو ادا کرنی پڑتی ہے، پورے ضلع کا واحد یوٹیلیٹی سٹور بھی شہریوں کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہے، جہاں ضرورت کی چیزیں ناپید جبکہ اسٹور اکثر بند ہی رہتا ہے، عوامی حلقوں نے اعلی حکام سے سوراب شہر اور گردونواح میں ناقابل برداشت خودساختہ مہنگائی کے سدباب کے لئے اقدامات اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے ضلع میں زمہ دار آفیسران کو تعینات کرکے عوام کو درپیش اذیت سے چھٹکارا دلایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے