ترکیہ اور شام زلزلہ میں اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا، مجموعی تعداد 28 ہزار سے تجاوز

انتاکیہ(ڈیلی گرین گوادر) ترکیہ اور شام میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ تھم نہ سکا، اموات کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کر گئی۔

خانہ جنگی کا شکار ملک شام۔۔پہلے ہی تباہی کی تصویر بنا ہوا تھا۔ 7 اعشاریہ 8 شدت کے زلزلے نے رہی سہی کسر نکال دی۔ حکومت اور باغیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں بچی کھچی عمارتیں زلزلے کی نظر ہوگئیں۔ شام میں ہلاکتوں کی تعداد 45 سو سے زائد ہوگئی جبکہ ہزاروں افراد زخمی ہیں۔

شام میں حکومت نے عمارتوں کے ملبے سے تلاش اور بچاؤ مشن ختم کر کے بحالی کا کام شروع کر دیا ہے، سول ڈیفنس کے مطابق ایک سو آٹھ گھنٹے کے طویل سرچ آپریشن کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا، ملبے کے نیچے پھنسے اب کسی کے زندہ بچنے کی امید نہیں ہے۔

ترکیہ میں زلزلے سے 6 ہزار عمارتیں تباہ ہوگئیں، عالمی ادارہ صحت نے متاثرین کے لیے 4 کروڑ 28 لاکھ ڈالر کی فوری امداد کی اپیل کی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق دونوں ممالک میں 2 کروڑ 60 لاکھ افراد متاثر ہوئے۔

ادھر اقوام متحدہ نے خدشہ ظاہرکیا ہےکہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد دوگنا ہوسکتی ہے۔ یو این ادارہ برائے خوراک نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ شام میں زلزلے کے نتیجے میں بے گھردو لاکھ 84 ہزار اور ترکی میں پانچ لاکھ 90 ہزارافراد کو خورا ک کی فوری ضرورت ہے۔

زلزلہ متاثرہ علاقوں میں مختلف ممالک سے آنے والے ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے امدادی سرگرمیوں جاری ہیں۔ انڈونیشیا کی 50 ارکان پر مشتمل ریسکیو ٹیم دو جہازوں پر مشتمل امدادی سامان لے کر ترکیہ پہنچی، کیوبا کی جانب سے 32 ارکان پر مشتمل میڈیکل ٹیم بھی ترکیہ میں ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے