وزیراعظم نے 14 معاونین کی بلامعاوضہ کام کرنے کی درخواست منظور کرلی
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہباز شریف نے 14 معاونین خصوصی کی بلامعاوضہ کام کرنے کی درخواست منظور کرلی۔ وزیراعظم شہباز شریف کے 14 معاونین خصوصی کے بلامعاوضہ کام کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کو 14 معاونین خصوصی نے بلا معاوضہ کام کرنے کی درخواست کی تھی جن میں شیزہ فاطمہ خواجہ، سینیٹر حافظ عبدالکریم، جنید انور چوہدری، ارکان قومی اسمبلی شیخ فیاض الدین، رومینہ خورشید عالم، رانا مبشر اقبال سمیت صادق افتخار، ملک محمد احمد خان، روبینہ عرفان، ملک عبدالغفار ڈوگر، سردار شاہجہاں یوسف، فہد ہارون، سابق سفیر محمد صادق اور ملک نعمان لنگڑیال شامل ہیں۔
معاونین خصوصی کا کہنا تھا کہ وہ عوام کی خدمت کے جذبے سے کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔ درخواست گزاروں نے وزیراعظم سے کہا تھا کہ وہ اس مشکل صورتحال میں بلامعاوضہ خدمات انجام دیں گے۔واضح رہے کہ اس وقت موجودہ حکومت کے کابینہ اراکین کی تعداد 86 اور معاون خصوصی کی تعداد 40 ہے۔