پاکستانی ٹیمیں زلزلہ متاثرہ ممالک میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کہتی ہیں کہ پاکستانی ٹیمیں زلزلہ متاثرہ ملکوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ پاکستان نے او آئی سی اجلاس میں زلزلہ متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔جمعرات کے روز ہفتہ وار بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ ترکیہ میں ہونے والے زلزلے سے تباہی پر پاکستان نے افسوس کا اظہار کیا اور ہر ممکن مدد کررہے ہیں۔ وزیر اعظم کے دورہ ترکی کے حوالے سے تجویز زیر غور ہے، تاحال حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔

ترجمان کے مطابق ترکیہ زلزلے کے بعد 23 پاکستانیوں کو گازیانٹیپ یونیورسٹی سے اڈانا پہنچا دیا گیا۔ 16 پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا جبکہ باقی استنبول جائیں گے۔ ترکیہ یا شام میں زلزلے سے کسی پاکستانی کے زخمی ہونے ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو فرانس کے دورے پر ہیں، فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات کریں گے، باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے گزشتہ ہفتے سری لنکا کی دعوت پر دورہ کیا، کولمبو میں سری لنکا کے صدر، وزیراعظم، وزیر خارجہ سمیت دیگر حکام سے ملاقات کی۔ سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان اسپین کے اہم دورے پر ہیں، سپین کے بعد اب فرانس کا دورہ کریں گے، فرانس میں وہ دوطرفہ تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے بارے میں تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ پاکستان افغانستان اور ایران کے ساتھ سکیورٹی سمیت اہم امور پر بات چیت کررہا ہے۔ افغانستان میں پاکستانی سفارت خانے پر حملے میں زخمی ہونے ناظم الامور عبید اللہ نظامانی کی افغانستان واپسی کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے