حب میں سیمنٹ فیکٹری کے نام 45 ہزار ایکڑزمین کی الاٹمنٹ عوام دشمن اقدام ہے ، سر دار محمد صالح بھوتانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلو چستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر و سینئر صوبائی وزیر بلدیات سر دار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ غریب عوام سے انکے سر کی چھت چھین کر سرمایا داروں کی تجوریوں کو بھرنے سے بلوچستان کے عوام کے دلوں میں حکومت و ریاست کے خلاف نفرت کو پروان چڑھایا جا رہا ہے، حب میں سیمنٹ فیکٹری کے نام 45ہزار ایکڑ زمین کی الاٹمنٹ عوام دشمن اقدام ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ حب میں 45ہزار ایکڑ زمین سیمنٹ فیکٹری کے نام پر الاٹ کی جا رہی ہے یہ صنعتی یا سر مایہ کاری نہیں بلکہ بعض عناصر کو ذاتی فائدہ پہنچانے کے متراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے محض آج انکا حلقہ متاثر نہیں ہوا بلکہ یہ بلوچستان کے تمام حلقوں کی پارلیمانی سیاست پر کاری ضرب کے مترادف ہے۔ انہوں نے پارٹی کے تمام سینئر زمیہ دارن و عہدیداران سے اپیل کی ہے کہ ایسے اقدامات کی مذمت کریں جو کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے منشور کے برعکس و بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھلی زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی وزیر اعلیٰ بلوچستان سے مل کر بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا جائیگا اور اگر اس الاٹمنٹ کو واپس نہ کیا گیا تو اس احتجاج کو پارلیمان، عدلیہ اور عوام کی عدالت میں بھی لے جایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام سے انکے سر کی چھت چھین کر سرمایا داروں کی تجوریوں کو بھرنے سے بلوچستان کی عوام کے دلوں میں حکومت و ریاست کے خلاف نفرت کو پروان چڑھایا جا رہا ہے جسکی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبد القدوس بزنجو سے اپیل کی ہے کہ اس الاٹمنٹ کو فی الفور کینسل کیا جائے تاکہ غریب عوام کے حقوق پامال نہ ہوں۔