بلوچستان میں اس سے قبل کسی بھی یونین کونسل میں کوئی خاتون چیئرپرسن کے عہدے پر منتخب نہیں ہوئیں ، الیکشن کمیشن
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں صوبے کی تاریخ کی پہلی خاتون بلا مقابلہ چیئرپرسن یونین کونسل منتخب ہوگئیں ڈاکٹر دروشم عائشہ خان کا تعلق ضلع نصیر آباد کی یونین کونسل 25 سے ہے جنہوں نے ملک کی مایہ ناز طبی یونیورسٹی سے میڈیکل گریجویشن کے ساتھ دینی تعلیم درس نظامی وفاق المدارس سے حاصل کی جمعرات کو بلوچستان کے 30 اضلاع کی دیہی اور شہری یونین کونسلز میں منتخب اراکین لوکل گورنمنٹ کی حلف برداری کی تقاریب منعقد ہوئیں جس میں ضلع نصیر آباد کی یونین کونسل 25 سے ڈاکٹر دروشم عائشہ خان نے بھی حلف اٹھایا اور چیئرپرسن یونین کونسل کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کئے ان کے مقابلے میں کسی اور امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے جس پر وہ بلا مقابلہ یونین کونسل 25 کی چیئرپرسن منتخب ہوگئیں الیکشن کمیشن کے زرائع نے بتایا ہے کہ بلوچستان میں اس سے قبل کسی بھی یونین کونسل میں کوئی خاتون چیئرپرسن کے عہدے پر منتخب نہیں ہوئیں یہ پہلا موقع ہے کہ ایک اعلی تعلیم یافتہ خاتون کو بلدیاتی انتخابات میں یونین کونسل کے سربراہ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے قبل ازیں حلف برداری کی تقریب میں سردار بہرام خان بلیدی، پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی بھی موجود تھیں، نو منتخب چیئرپرسن ڈاکٹر دروشم عائشہ خان ایک اعلی تعلیم یافتہ خاتون ہیں جنہوں نے اپنے شاندار تعلیمی کیریئر میں کمیرج بورڈ سے او لیول 8 A پلس سے پاس کیا، اور A لیول کی اسٹیڈی کے لئے اسکالر شپ حاصل کی، میڈیکل گریجویشن کراچی کے مایہ ناز طبی تدریسی ادارے سے کی جبکہ اعلی دینی تعلیم وفاق المدارس سے حاصل کی منتخب چیئرپرسن ڈاکٹر دروشم عائشہ خان کی والدہ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی بلوچستان قانون ساز اسمبلی کی رکن اور پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ہیں جبکہ وویمن پارلیمنٹرین کاکس کی چیئرپرسن بھی ہیں نو منتخب چیئرپرسن ڈاکٹر دروشم عائشہ خان نے حلف برداری کے موقع پر اپنی ترجیحات میں اولین طور پر پسماندہ دیہی علاقوں میں معیاری تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کا عزم ظاہر کیا انہوں نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام حکومت جمہوریت کی بنیادی اکائی ہے اور فیصلہ سازی کا وہ ابتدائی فورم ہے جس میں خواتین آگے بڑھ کر کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل میں اپنا مثر کردار ادا کرسکتی ہیں ڈاکٹر دروشم عائشہ خان نے کہا کہ وہ اپنی والدہ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو اپنا رول ماڈل سمجھتی ہیں جنہوں نے مذہبی شعار کو اپناتے ہوئے اجتماعی بہبود خصوصا صحت کے شعبے میں بہتری کے لئے نمایاں خدمات سر انجام دیں۔