مخالفین کو دوران حراست وی آئی پی ٹریٹمنٹ دیا،عمران خان
لاہور(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے گجرات میں پرویز الہٰی کے گھر پر پولیس کے چھاپوں کی مذمت کی۔بدھ کے روز اپنے ٹویٹ میں کہا پرویز الہٰی کے حامیوں کی گرفتاریوں اور اغواء کی بھی مذمت کرتا ہوں۔ یہ امپورٹیڈ حکومت اور ان کے ہینڈلرز کی طرف سے فاشزم ہے۔ صرف ان تمام لوگوں میں خوف پھیلانے کے لیے جو ہماری حمایت کرتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے دورمیں شریفوں اور دیگر لوگوں کی گرفتاریاں سابقہ حکومتوں کے بنائے گئے کیسز میں کی گئی تھیں۔ ہمارے اقتدار میں آنے سے پہلے اور پاناما انکشافات سے قبل 95 فیصد سے زیادہ دائر کیے گئے نیب کیسز کا نتیجہ تھیں۔ دوران حراست انہیں وی آئی پی ٹریٹمنٹ دیا گیا لیکن وہ این آر او چاہتے تھے جسے ہم نے مسترد کردیا۔