پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرول کی مبینہ قلت، بیشتر پمپس بند
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)پنجاب کےمختلف شہروں میں پیٹرول کی مبینہ قلت دیکھنے میں آرہی ہے اور بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں۔اطلاعات کے مطابق فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا میں بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں۔ اکثر پیٹرول پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت بند ہے جبکہ چند کھلے پیٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
شکر گڑھ،خوشاب،گوجرہ، منڈی بہاء الدین میں بھی چند پیٹرول پمپس کھلے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جو پیٹرول پمپس کھلے ہیں وہ موٹر سائیکل والوں کو 200 روپے کا پیٹرول فراہم کر رہے ہیں، گاڑی والوں کو 500 روپے کا پیٹرول دیا جا رہا ہے۔پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کم ہو رہی ہے۔
خیال رہے کہ یکم فروری سے قبل بھی پنجاب کے بیشتر شہروں میں پیٹرول کی مصنوعی قلت پیدا ہوگئی تھی تاہم وزیر خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے فوری بعد ہی یہ مصنوعی قلت ختم ہوگئی تھی۔