وزیراعظم کی ہدایت پر ترکیہ زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے ریلیف فنڈ قائم

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ترکیے اور شام میں زلزلے سے ہزاروں افراد کی اموات پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیے میں زلزلہ زدگان کی امداد کیلئے ریلیف فنڈ قائم کر دیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالیں۔اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے ترکیے کے زلزلہ زدگان کیلئے ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنےکا فیصلہ کیا ہے، گریڈ18 سےگریڈ22 کےافسران ایک دن کی تنخواہ عطیہ کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیے یک جان دو قالب ہیں، ترکیے 2022 کے تاریخی سیلاب میں پاکستانی بھائیوں کی مددمیں پیش پیش رہا، اپنےترک بہن بھائیوں کو مصیبت کی اس گھڑی میں بالکل اکیلا نہیں چھوڑیں گے، میں بذاتِ خود کل زلزلہ زدہ علاقوں کے دورے کیلئے ترکیہ روانہ ہو رہا ہوں۔ریسکیو ٹیمیں فوری امدادی سرگرمیوں میں ہاتھ بٹانے کیلئے ترکیہ روانہ کیں، زلزلہ زدگان بہن بھائیوں کی پاکستان ہر ممکن مدد کرےگا، مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم ترکیہ اور شام کی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے متاثرینِ زلزلہ ترکیہ کیلئے اکاؤنٹ قائم کر دیاگیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے وزیر اعظم ریلیف فنڈ ‘جی۔ 12166’ قائم کیا گیا ہے، آفس آف دی کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔خیال رہے کہ اتوار کو آنے زلزلے میں ترکیے میں اب تک 3400 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ شام میں تقریباً 1600 اموات ہوچکی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے