مشکل وقت میں پاکستانی قوم ترکیہ اور شام کے ساتھ ہے،سینیٹر ثمینہ زہری
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں اور نقصان پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں ترکیہ اور شام کی حکومتوں اور عوام سے اظہار ہمدردی و افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ اور شام ہمارے دوست ممالک ہیں اور انہوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے دوست ممالک ترکیہ اور شام مشکل وقت سے گزر رہے ہیں اورتمام کاروبار زندگی رک گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پوری پاکستانی قوم ترکیہ اور شام کے عوام کے ساتھ ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے اس ہولناک زلزلے کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے ترکیہ اور شام کی حکومتوں اور عوام کو پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ امداد اور ریسکیو کے کاموں میں حصہ لینے کے لئے پاکستانی ماہرین اور ٹیمیں بھرپور حصہ لے رہی ہیں۔اپنے بیان میں سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ زلزلہ انتہائی شدید تھا اور جس کے نتیجے میں اس وقت تک اندوہناک قدرتی آفت کے نتیجے میں ترکیہ اور شام میں ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور ہزاروں زخمی ہیں جبکہ کئی ہزار عمارتیں منہدم ہو چکی ہیں جن میں اب بھی لوگ پھنسے ہوئے ہیں جبکہ دونوں برادر ممالک میں ایمرجنسی صورتحال ہے۔ پاکستان کی جانب سے ریسکیو ٹیمیں ترکیہ اور شام پہنچ چکی ہیں اور ریسکیو کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں جبکہ پاکستان کے علاوہ دنیا بھر کے دوسرے ممالک سے بھی امدادی ٹیمیں ترکیہ اور شام پہنچ رہی ہیں۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ترکیہ اور شام میں پیش آنے والے اس ہولناک زلزلے کے نتیجے میں ہزاروں کی تعداد میں ہلاکتوں اور نقصانات پر ہر آنکھ اشکبار ہے اور پاکستانی قوم ترکیہ اور شام کے عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دونوں ممالک میں ہنگامی صورتحال۔ انہوں نے عالمی برادری سے پرزور اپیل کی کہ ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ترکیہ اور شام کی بھرپور مدد کی جائے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کو جنت الفردوس میں بلند مقام اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا فرمائے۔