حاجی علی مدد جتک سمیت 4 امیدواروں نے این اے 265 کے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے لئے کاغذات جمع کروا دئیے
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265کوئٹہ IIکے ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کے لئے چا ر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے۔ ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق منگل کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265کوئٹہ IIمیں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا سلسلہ جاری رہا۔اس دوران پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے چیئر مین محمود خان اچکزئی، پاکستان پیپلز پارٹی کے حاجی علی مدد جتک، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے محمد رضا، پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے ذاکر حسین کاسی نے اپنے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسر سید نذیر احمد حریفال کے پاس جمع کروادئیے ہیں۔ترجمان کے مطابق اب تک 57افراد نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے ہیں جبکہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا آج (بدھ) کو آخری دن ہے جس کے بعد کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال13فروری تک کی جائیگی۔