ترکیہ اور شام میں زلزلے جاں بحق افراد کی تعداد 5000 سے بڑھ گئی، لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری

ترکیہ (ڈیلی گرین گوادر) ترکیہ اور شام میں شدید زلزلے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہزار سے بڑھ گئی ہے، ہزاروں افراد زخمی ہیں، کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق زلزلے کے بعد 80 سے زائد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ واضح رہے کہ پیر 6 فروری کی صبح ترکیہ کے مشرقی علاقے میں مقامی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر 17 منٹ پر زلزلہ آیا، جس کے بعد 6 گھنٹے کے دوران درجنوں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہا۔

ترکیہ کے علاقے عرفہ میں عمارت کے ملبے سے بچی کو زندہ نکال لیا گیا۔ریسکیو ورکرز ایک عمارت کے ملبے سے تقریباً 10 سے 12 سالہ کی بچی کو نکال رہے ہیں، جس کا چہرہ، سر اور کپڑے دھول سے اٹے ہوئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اب بھی سیکڑوں افراد ملبے میں دبے ہوئے ہیں، جنہیں نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ترک صدر نے عالمی برادری سے مدد کی اپیل کردی۔ترک صدر طیب اردگان نے کہا ہے کہ ترکیہ میں زلزلے سے2 ہزار سے زائد عمارتیں متاثر ہوئیں،زلزلے کے بعد 45 ممالک نے امداد کے لئے پیشکش کی ہے۔

تاریخ کے بدترین زلزلے سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں، فی الحال زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ نہیں لگا سکتے، ہماری پہلی ترجیح ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنا ہے، 2 ہزار 440 افراد کو اب تک ریسکیو کرلیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق متاثرہ علاقوں میں زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔ حکام نے زلزلے سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے