بلدیاتی ادارے مقامی سطح پر عوامی مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوتے ہیں، میر سکندر عمرانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیر ریونیو میر سکندر خان عمرانی نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے مقامی سطح پر عوامی مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوتے ہیں اور جمہوری عمل کی بنیادی اکائی ہیں عوام نے لوکل گورنمنٹ الیکشن میں بھرپور حق رائے دہی استعمال کرکے اپنے جن مقامی نمائندوں کا انتخاب کیا ہے وہ عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ مراد جمالی میں منتخب کونسلروں کے مشاورتی اجلاس اور مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں بلوچستان عوامی پارٹی کے منتخب کونسلروں کا مشاورتی اجلاس عمرانی ہاؤس ڈیرہ مراد جمالی میں منعقد ہوا۔جس میں میونسپل کمیٹی ڈیرہ مراد جمالی کے چیئرمین کے لئے خواہش مند کونسلران کو نامزدگی کی دعوت دی گئی۔اجلاس میں تمام کونسلران نے اتفاق رائے سے میر صفدر خان عمرانی کو چیئرمین میونسپل کمیٹی ڈیرہ مراد جمالی کے لئے نامزد کیا جبکہ وائس چیئرمین کے لئے ایک سے زائد امیدواروں کی دلچسپی کے پیش نظر حتمی فیصلہ کا اختیار میر سکندر خان عمرانی کو تفویض کیا گیا، میر سکندر خان عمرانی نے وائس چیئرمین کے لئے شاہ محمد ہاڑا کی نامزدگی کا اعلان کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر ریونیو میر سکندر خان عمرانی نے کہا کہ میں تمام جنرل و مخصوص نشستوں پر کامیاب کونسلران، اتحادیوں دوست و احباب کا مشکور ہوں جنہوں نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حتمی فیصلہ کا اختیار دیا۔انہوں نے کہا کہ نامزد بلدیاتی نمائندوں پر عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کے لئے انہیں محنت اور تگ و دو سے کام کرنا ہوگا اور عوامی مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو صوبائی حکومت کی مکمل حمایت اور تعاون حاصل رہے گا ان اداروں کی فعالیت سے مقامی سطح پر علاقائی مسائل کا بہتر ادارک ممکن ہو سکے گا۔میر سکندر خان عمرانی نے کہا کہ عوامی خدمت کے یہ عہدے ایک آزمائش ہیں اس امتحان سے نبرد آزما ہونے کے لئے بلدیاتی اداروں کے سربراہان اور کونسلرز کو عملی خدمت کرنا ہوگی میر سکندر خان عمرانی نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے انتخابات کا آخری مرحلہ باہمی مشاورت سے پایا تکمیل کو پہنچنے کو ہے ہمیں امید ہے کہ تمام منتخب کونسلران عوامی خدمت کو اپنا شعار بناتے ہوئے مقامی مسائل کے حل اور تعمیر و ترقی کے عمل میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے میر سکندر خان عمرانی نے نامزد چیئرمین، وائس چیئرمین اور تمام کونسلران کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔