انسداد پولیو مہم میں ٹرانزٹ پوائنٹس اور رہ جانے والے بچوں پر خصوصی توجہ دی جائے ،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے جن خامیوں کی نشاندہی کئ گئیں ہے ان کے قابو پانے کے حوالے سے اقدامات اٹھانا بے حد ضروری ہے تاکہ آنے والی انسداد پولیو مہم میں تمام خامیوں پر قابو پاکر ہدف کو حاصل کیا جاسکے۔پولیو کے حفاظتی قطرے کی تمام بچوں تک رسائی کو ممکن بنایا جائیگا تاکہ پانچ سال کی عمر تک کے تمام بچوں کو اس موذی مرض سے تحفظ دیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس ای پی آئی کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔اس اجلاس میں پی پی ایچ ائی،ڈبلیو ایچ او ،یویسیف اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ انسداد پولیو مہم میں ٹرانزٹ پوائنٹس اور رہ جانے والے بچوں پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ پولیو وائرس کو پھیلنے سے مکمل طور روکا جا سکے۔اس کے علاؤہ کیچ اپ مہم میں رہ جانے والے اور انکاری والدین کو قائل کرنا انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کا عزم ہے کہ وہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک پولیو کا مکمل خاتمہ نہیں کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے تمام اسٹک ہولڈرز مشترکہ اقدامات اٹھائیں جبکہ معاشرے کی تمام اکائیوں بلخصوص والدین کی زمہ داری ہے کہ وہ اپنے اور دوسرے بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلائیں۔انہوں نے کہاکہ انسداد پولیو مہم کے دوران انکاری والدین کو قائل کرنے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے کہاکہ پولیو پلانے والی ٹیموں اور تمام اسٹک ہولڈرز کی محنت سے صوبے میں پولیو وائرس کا خاتمہ کا وقت قریب آچکا ہے یہی محنت اور جذبے کو جاری رکھیں گے تو جلد ہمارا معاشرہ پولیو سے پاک ہو جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے علماء کرام، قبائلی رہنماؤں اور معتبرین کی بھی مدد لی جارہی ہے۔والدین سے اپیل کی کہ وہ انسدادی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا بھر پورکردار ادا کریں تاکہ ہمارے بچے مستقل معذوری سے بچ سکیں۔ انہوں نے ڈبلیو ایچ او کو ہدایت کی کہ ویکسینٹر کی خالی پوسٹ پر جلد تعیناتی کرے اس کے علاؤہ ایل ایچ وی کو مکمل طور پر انسداد پولیو مہم میں فعال کیا جائے تاکہ تمام بچوں تک حفاظتی قطروں کی رسائی ممکن ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ پولیو وائرس کی روک تھام کے لیے ہیلتھ رضاکاروں کی بھی خدمات لی جارہی ہیں جو ان ہائی رسک علاقوں میں کام کرینگے جہاں بچوں تک رسائی مشکل ہے۔انہوں نے کہاکہ پولیو کے حوالے سے احساس یونین کونسلوں پر خصوصی توجہ دیکر پولیو کے خاتمے کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔اس اجلاس میں ای پی آئی کے ماہنامہ کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے