ناقص خوراک کے باعث لوگوں کی صحت بری طرح متاثر ہورہی ہے،زمرک خان اچکزئی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیر و چیئرمین بی ایف اے زمرک خان اچکزئی کی زیر صدارت بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بورڈ) کا آٹھواں اجلاس منعقد ہوا۔ بی ایف اے ہیڈ آفس (کوئٹہ) میں منعقدہ اجلاس میں سیکٹری خوراک ایاز مندوخیل اور ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی سمیت دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور بی ایف اے سائنٹیفک پینل کے قیام، قوانین کے مطابق عارضی خالی آسامیوں پر تقرری کا عمل جلد مکمل کرنے، ڈیجیٹل اسٹوڈیو کے قیام اور ہائبرڈ سولر سسٹم کی تنصیب سمیت مختلف اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔ صوبائی وزیر و چیئرمین بی ایف اے انجینئر زمرک خان اچکزئی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ناقص خوراک کے باعث لوگوں کی صحت بری طرح متاثر ہورہی ہے، اس ضمن میں فوڈ سیفٹی کی اہمیت کو کسی طور نظر انداز نہیں کیا جاسکتا بلکہ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ صحت عامہ کی بہتری اور بیماری کی روک تھام میں خوراک کا کردار سب سے زیادہ اہم ہے۔ صوبائی وزیر کے مطابق عوام کو معیاری و ملاوٹ سے پاک اشیاء خوردونوش کی فراہمی اور فوڈ سیفٹی کلچر کو فروغ دینے کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی و ملاوٹ کی روک تھام کیلئے صوبہ بھر میں کیے جانے والے اقدامات سب کے سامنے ہیں، ملاوٹ مافیا و ناقص خوراک فراہم کرنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کیلئے بی ایف اے کی کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں، کم عرصہ میں خوردنی اشیاء کے معیار کی بہتری اور اس حوالے سے عوام و خوردنی اشیاء کے کاروبار سے منسلک افراد کی آگاہی کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے اقدامات کے نتیجے میں کھانے پینے کی اشیاء کے معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے، ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر و مؤثر بنانے کیلئے اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے تاکہ عوام تک صحت بخش و محفوظ خوراک کی فراہمی کا مشن بغیر کسی تعطل کے کامیابی سے جاری رکھا جاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے