مسجد الحرام میں آب زمزم کے یومیہ 150 نمونوں کا لیبارٹری ٹیسٹ کیا جاتا ہے،سعودی حکام
مکہ مکرمہ (ڈیلی گرین گوادر)سعودی عرب کے ادارہ امورالحرمین الشریفین کے شعبہ برائے امورحفظان صحت وآگاہی نے کہا ہے کہ مسجد الحرام میں فراہم کیے جانے والے آب زم زم کے کولروں اورسپلائی ٹینکوں میں موجود پانی کے یومیہ 150 نمونوں کا لیبارٹری ٹیسٹ کیاجاتا ہے۔سعودی خبررساں ادارے نے ادارے میں امور صحت کے ڈائریکٹر حسن بن برکات السویھری کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ مسجد الحرام میں فراہم کیا جانے والا آب زم زم کا یومیہ بنیاد پرمائیکروبیالوجیکل اورکیمیکل ٹیسٹ کیاجاتا ہے، لیبارٹری کے اہلکار مسجد الحرام کے مختلف مقامات پررکھے گئے کولروں اور واٹرٹینکوں سے پانی کی نمونے حاصل کرتے ہیں اوران کا لیبارٹری تجزیہ کیاجاتا ہے تاکہ مستقل بنیادوں پراس کے معیار کی جانچ کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ادارے کی لیبارٹری انتہائی معیاری ہے جہاں عالمی معیار کے آلات مہیا کیے گئے ہیں جن پر24 گھنٹے کی بنیاد پرآب زم زم کے مقدس پانی کی جانچ کا عمل جاری رہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام میں مختلف مقامات پررکھے گئے واٹرکولرزاورسپلائی ٹینکوں سے نمونے حاصل کرنے کے لیے 10 ٹیموں کو مخصوص کیا گیا ہے جو مستقل بنیادوں پر اس کے نمونے حاصل کرکے انہیں لیبارٹری کو ارسال کرتی ہیں۔ علاوہ ازیں آب زم زم کے کنوئیں کی بھی مستقل بنیادوں پردیکھ بھال کا عمل جاری رہتا ہے۔