سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی سندھ سے گرفتار
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کو سندھ سے حراست میں لے لیا گیا۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے خدشہ ظاہر کیا ہے ہے کہ محمد خان بھٹی کو لاپتہ کردیا جائے گا۔سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کو ایس ایس پی حیدرآباد کی سربراہی میں سندھ پولیس کی ٹیم نے مٹیاری کے علاقے سے حراست میں لے لیا۔ رپورٹ کے مطابق محمد خان بھٹی کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ حفاظتی ضمانت کیلئے سندھ ہائیکورٹ جارہے تھے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ہمیں خدشہ ہے محمد خان بھٹی کو بھی لاپتہ نہ کردیا جائے جیسے جیسے ہمارے لیگل ایڈوائزر عامر سعید راں ابھی تک لاپتہ ہیں۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ ایسے اقدام کا راستہ روکیں گے جس سے صوبوں میں بے چینی پھیلے، سندھ سے پنجاب کے رہنماؤں کو لاپتہ کرکے کیا پیغام دیا جارہا ہے؟۔
دوسری جانب لاہور میں پولیس نے سیکریٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کے گھر پر چھاپہ مارا اور ان کے ملازم کو حراست میں لے لیارپورٹ کے مطابق محمد خان بھٹی کی رہائش گاہ پر اسمبلی ملازم نبیل ڈیوٹی پر تھا، پولیس سی سی ٹی فوٹیج کی ڈیوائس بھی اپنے ہمراہ لے گئی۔