ریکوڈک سے پیداوار شروع ہونے پر صوبےکو سالانہ 300 ارب روپے ملیں گے،بیرک گولڈ کارپوریشن
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے علاقے ریکوڈک میں معدنی وسائل کی کان کنی کیلئے صوبائی حکومت کو تین ملین (30 لاکھ) ڈالر کی پہلی ادائیگی کردی گئی ۔
صوبائی حکومت کو تین ملین ڈالر کی پہلی ادائیگی حکومت اور کینیڈین کمپنی بیرک گولڈ کارپوریشن کے درمیان معاہدے کےتحت بلوچستان کے علاقے ریکوڈک میں معدنی وسائل کی کان کنی کیلئے کی گئی ہے۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ 2028 میں ریکوڈک سے پیداوار شروع ہوتے ہی صوبے کو سالانہ 300 ارب روپے ملیں گے ۔
ریکوڈک منصوبے کےحوالےسے بیرک گولڈ کی جانب سے نئی شراکت داری کےفریم ورک کے تحت بلوچستان حکومت کو 3 ملین ڈالر کی ادائیگی کی گئی ہے۔ یہ رقم پاکستانی کرنسی میں 70 سے 75کروڑ روپے بنتی ہے، اس رقم سے بلوچستان کے ضلع چاغی جہاں ریکوڈک واقع ہے وہاں پینے کے پانی اور دیگر ترقیاتی کام کروائے جاسکتے ہیں۔