دہشتگرد عناصراور ان کے سرپرستوں کے ساتھ ساتھ دہشتگردی کی نرسریوں کو بھی ختم کیا جائے، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت منعقد ہونے والے صوبائی ایپکس کمیٹی کے 13ویں اجلاس میں صوبے میں دیرپا بنیادوں پر امن کے قیام، دہشتگردی کی روک تھام اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو، چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی، جی اوسی 41ڈویڑن، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریوں اور متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان میں شامل نکات پرعملدرآمد کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیاگیاایڈیشنل چیف سیکرٹر داخلہ زاہد سلیم نے اجلاس کو نیشنل ایکشن پلان کے تناظر میں ایپکس کمیٹی کے بارھویں اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیشرفت پر تفصیلات سے آگاہ کیا جن میں غیر ملکیوں اور سی پیک کے منصوبوں کے تحفظ سمیت دیگر امور شامل تھے انہوں نے جیل اصلاحات کے پروگرام کی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ اس پروگرام کیلئے پہلے فیز میں 80کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ کی نئی عمارت کے قیام کے منصوبے کیلئے 100 ملین روپے بھی مختص کئے گئے ہیں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جیلوں کی بہتری اور اصلاحات کے پروگرام پر فوری طور پر عملدرآمد کرتے ہوئے قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی اور ان کی اصلاح کے تصور کو عملی جامہ پہنایا جائے آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے سی ٹی ڈی کے تحت کالعدم دہشتگرد تنظیموں کے خلاف کاروائیوں، اسلحہ کی سمگلنگ کی روک تھام اور بلوچستان پولیس کے کردار میں اضافہ کے روڈ میپ سے متعلق تفصیلات فراہم کیں اجلاس میں پولیس، سی ٹی ڈی اور سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی کارکردگی اور استعداد کار میں اضافے کیلئے اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی اجلاس میں منشیات، انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف کاروائیوں کو مزید موثر بنانے کا فیصلہ بھی کیاگیااجلاس میں قومی شاہراہوں پر ہونے والے حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیاگیا کہ مسافر بسوں میں، پیٹرول اور ایسی کوئی بھی شے جس سے آگ لگنے کا احتمال ہو لیجانے پر سخت پابندی عائد ہوگی اور مجرمانہ فعل کے مرتکب ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیوروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی اور اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اس حوالے سے تمام کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی جبکہ اجلاس میں وزیراعلیٰ کی ہدایت کی روشنی میں قومی شاہراہوں پر غیر ضروری چیک پوسٹوں کے فوری خاتمے کا بھی فیصلہ کیاگیا اجلاس میں بی ایریا میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے لیویز فورس کے کردار میں اضافے کا فیصلہ بھی کیاگیااجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ دہشتگرد عناصر اور ان کے سرپرستوں کے ساتھ ساتھ دہشتگردی کی نرسریوں کو بھی ختم کیا جائے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ امن و امان کے قیام کے اقدامات میں قبائلی، سیاسی اور سماجی عمائدین کو اعتماد میں لے کر ان کا تعاون حاصل کیا جائے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس اور لیویز کی استعداد کار میں اضافے کیلئے حکومت تمام ضروری وسائل فراہم کرے گی تاہم انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ امن وامان کے ذمہ داروں اداروں کے تمام امور، تعیناتیوں اور تقرر و تبادلوں میں میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے وزیراعلیٰ نے اس بات کی ہدایت بھی کی کہ چیک پوسٹوں پر چیکنگ کے دوران لوگوں کی عزت نفس کا احترام اور ان سے اچھا برتاؤ کیا جائے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے ہم ذمہ دار ہیں اور اللہ کو جوابدہ ہیں ہمیں اپنی یہ ذمہ داریاں ہر صورت ادا کرنی ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک ایران بارڈر پر چیک پوائنٹس میں اضافے سے کاروبار اور وہاں کے لوگوں کے ذرائع روزگار کا تحفظ ہورہا ہے جو باعث اطمینان ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں سیکورٹی کی مد میں بہت زیادہ اخراجات کرنا پڑتے ہیں وفاقی حکومت سے کہا کہ وہ بھی ہمارا بوجھ بانٹے انہوں نے کہا کہ 2سے 3سال میں ریکوڈک کی آمدنی کے آغاز سے مالی مشکلات میں کمی آئے گی منشیات کی روک تھام کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منشیات کے بڑے سمگلرز اور ڈیلرز سے آئینی ہاتھوں سے نمٹا جائے تاکہ منشیات کی ترسیل اور تقسیم بند ہوسکے اور ہمارے نوجوان اس لعنت سے محفوظ رہ سکیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرکٹ کے نمائشی میچ کے کامیاب انعقاد سے بلوچستان کے بارے میں دنیا بھر میں ایک مثبت پیغام گیا ہے جو نہایت خوش آئند ہے میچ کے انعقاد کیلئے سیکورٹی اور دیگر ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے ناممکن کو ممکن کردکھایا وزیراعلیٰ نے خاص طور پر بلوچستان پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے میچ ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کیلئے کیش ریوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر فوری طور پر عملدرآمد کا آغاز یقینی بنایا جائے گا۔ قبل ازیں اجلاس میں شہدائے پشاور کیلئے مغفرت کی دعا کی گئی۔