وزیراعلیٰ بلوچستان سے وفاقی سیکرٹری پلاننگ سید ظفر علی شاہ کی ملاقات،گوادر کی ترقی سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے وفاقی سیکرٹری پلاننگ سید ظفر علی شاہ کی ملاقات ۔صوبے میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔نئے ترقیاتی منصوبوں کو آئندہ سال کی وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل کرنے ، جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکج پر عمل درآمد اور گوادر کی ترقی سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیاوفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر آفتاب اکبر بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزراء نور محمد دمڑ، انجینئر زمرک خان اچکزئی ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات حافظ عبدالباسط اوروزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری عمران گچکی کی بھی ملاقات میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ این ای سی کے فیصلے جس میں ترقیاتی سکیموں پر نظر ثانی کی جاتی ہے سے بلوچستان کو استثناء دیا جائے ۔صوبائی حکومت کی 15 ترقیاتی اسکیمیں سی ڈی ڈبلیو پی اور ایکنک میں التوا کا شکار ہیں ۔رواں مالی سال کوئٹہ کراچی روڈ کے لئے دوبارہ اختصاص کے ذریعے خاطر خواہ فنڈز فراہم کیے جائیں ۔جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکیج میں شامل منصوبوں کے لیے فنڈز کا اجراء کیا جائے تاکہ منصوبوں پر کام شروع کیا جا سکے ۔حکومت بلوچستان نے وفاقی فنڈز کی وصولی کی توقع میں متعدد وفاقی منصوبوں کو برج فنانسنگ کے طور پر تقریبا پانچ ارب روپے فراہم کیے ہیں ۔ایسی تمام سکیموں کی فہرست صوبائی محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات وفاقی حکومت کے ساتھ شیئر کر سکتا ہے ۔وادر ہمارا مستقبل کا معاشی حب ہے گوادر کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ وہاں کے شہریوں کو تمام بنیادی سہولیات اور ضروریات زندگی فراہم کی جائیں ۔بیس سال گزرنے کے باوجود بھی ہم گوادر کو وہ ترقی نہیں دے سکے جو ہونی چاہیے تھی ۔ہم نے گوادر کےعوام کی سہولت کے لیے کئی ایک منصوبے شروع کیے ہیں ۔ان منصوبوں میں پانی اور بجلی کی فراہمی سمیت جی ڈی اے کے زیر انتظام ہسپتال کو انڈس ہسپتال کے حوالے کیا گیا ہے ۔سیلاب میں صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں ہنگامی حالات کا سامنا رہا ۔صوبائی حکومت نے اپنے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبے کے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ۔اس قدرتی آفت میں کوئی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرنے کی کوشش نہیں کی کیوں کہ یہ قدرت کی طرف سے امتحان تھا ۔وفاقی سیکریٹری پلاننگ نے کہا کہوزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی حکومت کی کارکردگی قابل تعریف ہے ۔صوبے میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کا کریڈٹ وزیراعلیٰ کی قائدانہ لیڈر شپ اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے ۔۔وفاقی حکومت صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے میں بھرپور دلچسپی رکھتی ہے ۔بلوچستان سے بیس ہزار طلباء کو وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم میں شامل کیا گیا ہے ۔پانچ ہزار طلباء کے لیے اسکالر شپ بھی رکھے گیۓ ہیں اور پانچ ہزار نوجوانوں کی انٹرن شپ بھی دی جاۓگی ۔ملاقات میں بلوچستان میں جاری وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کو تیز کرنے اور وفاق اور صوبے میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔