دہشتگردوں کو نشان عبرت بنا دیں گے،آرمی چیف جنرل عاصم منیر
پشاور (ڈیلی گرین گوادر)آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے دہشتگردوں کو عبرت کا نشان بنا دیں گے۔ پائیدار امن کیلئے سکیورٹی فورسز اورعوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ پشاور میں خودکش حملے کی جگہ کا معائنہ کرنے پہنچ گئے، آرمی چیف نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس اور دیگر فورسز کی بہادری کو سراہا۔
خیبرپختونخوا پولیس کے جوانوں اور افسروں سے گفتگو میں آرمی چیف نے کہا کہ کے پی پولیس سب سے بہادروں میں سے ایک ہے اور اس نے دہشت گردی کیخلاف فرنٹ لائن فورس کے طور پر جنگ لڑی ہے۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم بحیثیت قوم مل کر پائیدار امن تک دہشت گردی کی اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، آخری کامیابی پاکستان اور اس کے عوام کی ہوگی، پاک فوج دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کیلئے ہم وقت تیار اور پرعزم ہے۔