عمران خان نے جھوٹ، گالی اور گولی کو قومی کلچر بنادیا،مریم نواز
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کے دور میں بھائی کو بھائی سے لڑایا گیا، ذہنی مریض نے وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر جھوٹ، گالی اور گولی کو قومی کلچر بنا دیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سوشل میڈیا ٹیم کا اجلاس لاہور میں منعقد ہوا جس کی صدارت سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کی۔
مریم نواز نے کہا کہ ملک بھر سے پڑھے لکھے، مہذب اور روشن دماغ نوجوانوں کو سوشل میڈیا کو گندگی سے پاک کرنے میں کردار ادا کرنا ہوگا، قائد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) شرافت برداشت اور اخلاقی قدروں پر یقین رکھتے ہیں، سیاہ دور میں آپ کی جرأت و بہادری قابل فخر ہے، حقائق اور سچائی کے فروغ کا ذریعہ بنیں، جھوٹ پھیلانے والوں کو سچائی کا آئینہ دکھائیں۔انہوں ںے کہا کہ معاشرے سے تقسیم در تقسیم کو ختم کرنا اور اتحاد کے جذبوں کو بڑھانا ہے، گزشتہ چار سال کے سیاہ آمرانہ دور میں بھائی کو بھائی سے لڑایا گیا، عمران خان نے گھروں، دوستوں اور خاندانوں کو لڑایا، بات کرنے کا سلیقہ اور تہذیب چھین لی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ذہنی مریض نے وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر جھوٹ، گالی اور گولی کو قومی کلچر بنا دیا، نوجوان معاشرے میں تحمل، اخلاق بھائی چارے کے جذبے ابھاریں، مکالمے کا جمہوری اور اسلامی طرز تکلم اپنائیں، اختلاف کرنے والے کو دشمن نہ سمجھیں، سائبر اسپیس پر آپ ملک اور قوم کے مفاد کی جنگ لڑیں۔