پشتونخواء ملی عوامی پارٹی 2 فروری کومہنگائی وبجلی کی لوڈشیڈنگ،گیس پریشر میں کمی کے خلاف احتجاج کریگی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلعی کمیٹی کا اجلاس ضلعی معاون سیکرٹری جمشید خان دوتانی کے زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع کوئٹہ کی گزشتہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی اور کمیٹی نے ضلع کوئٹہ کی رپورٹ پر اپنی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے سراہا اور کمیٹی ممبران کو بہترین کارکردگی پر داد تحسین پیش کی۔اجلاس میں مختلف فیصلے کیئے گئے جس کے مطابق 21فروری کو مادری زبانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے سبزہ زار پر جلسہ عام منعقد کرنے، مردم شماری کے حوالے سے ضلع کوئٹہ کے پارٹی کارکنوں کو متحرک کیا جائیگا، مہنگائی، گیس وبجلی کی لوڈشیڈنگ،گیس پریشر میں کمی اور ٹریف پولیس کے عوام دشمن رویہ، بازار میں ریڑی بانوں،غریب عوام کے تنگ کرنے کیخلاف احتجاج کرنے اورآج بروز جمعرات 2فروری کو پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پروفیسر ابراہیم عرف ارمان لونی شہید کی یوم شہادت کی برسی پر اجتماع ہوگا جس سے پارٹی کے مرکزی وصوبائی رہنماء خطاب فرمائینگے۔ ضلع کمیٹی کے اجلاس سے پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین عبدالرؤف لالا، مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی سیکرٹری کبیر افغان، اور صوبائی ڈپٹی سیکرٹری نظام عسکر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک اپنی غلط داخلہ وخارجہ پالیسی کی وجہ سے بحرانوں میں گر چکا ہے، مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے اور بیروزگاری نے عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے۔ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ، گیس پریشر کی شدید کمی، بجلی کی وولٹیج کی کمی اور بعض اضلاع میں بجلی اور گیس کی مکمل نایابی سے انسانی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہینے کے بعد تمام سرکاری سکول تعلیمی ادارے کھلنے والے ہیں لیکن درسی کتب کی فراہمی اب تک یقینی نہیں بنائی گئی جس کے باعث ایک جانب اس وقت طلباء کا قیمتی وقت کا ضیاع ہوتا ہے اور دوسری جانب غریب والدین کو بازار سے درسی کتب خریدنے کے اشارے دیئے جارہے ہیں جو کہ قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور پولیس لائنز کے مسجد میں دھماکہ دراصل دہشتگردی کی دوبارہ سر اٹھانے کا خطرناک آغاز ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔اس وحشت ناک، اندوھناک واقعہ جس میں 100سے زائد لوگ اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور 150سے زائد افراد شدید زخمی اور اپائج بن گئے ہیں، پارٹی کا مطالبہ ہے کہ واقعہ کی شفاف تحقیقات ہو اور ملوث عناصر کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو تاکہ ایسی اندوھناک، وحشت ناک واقعات کی روک تھام ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ لسبیلہ بس حادثے میں شہید ہونیوالے 41افراد کی لاشیں اب تک کراچی کے ہسپتال میں پڑی ہیں صوبائی حکومت کی جانب سے ان کی میتیں گھروں تک پہنچانے کا کوئی انتظام نہیں ہے،صوبائی حکومت کی غفلت،کوتاہی اور روڈ سپیڈ کو کنٹرول نہ کرنے اور ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہیں جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر انتظامات کرکے لوگوں کے پیاروں کی میتیوں کو ان کے آبائی علاقے تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کا آغاز آغاز ہے پارٹی کے کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کوئٹہ شہر کے تمام باسیوں کو اس بات کی تلقین کرے کہ وہ شجر کاری کے موسم میں اپنے گھروں، محلوں میں درخت لگاکر ماحولیات کی بہتری اور انسانیت کی بھلائی کا فریضہ سرانجام دیں۔ اجلاس میں پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع قلعہ عبداللہ کے ضلعی سیکرٹری میروائس خان اچکزئی کے جوانسال فرزند پشتونخوا ایس او کے رکن میوند خان اچکزئی، بیلہ بس حادثے، پشاور پولیس لائن مسجد دھماکے کے شہدا، سوہات ڈیمز کے شہد اکیلئے دعا کی گئی ہے۔