لسبیلہ حادثہ انتہائی دل گرفتہ ہے اور اس حادثے پر ہر آنکھ اشکبار ہے، ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر لسبیلہ کے قریب کوچ کو پیش آنے والے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کوچ حادثے میں 41 قیمتی جانوں ضیاع پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حادثہ انتہائی قابل افسوس اور تشویشناک ہے اور ایسے حادثات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کرنا انتہائی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ مسافروں کو غیر ذمہ دار ڈرائیوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔قومی شاہراہوں پر مسافر کوچوں کی اوور سپیڈنگ اور ٹریفک قوانین کی پامالی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثہ انتہائی قابل افسوس ہے اور ہم حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ لسبیلہ حادثہ انتہائی دل گرفتہ ہے اور اس حادثے پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔ایسے حادثوں کی روک تھام کے لئے ضروری ہے کہ کوچز اور بسوں کی مینٹیننس چیکنگ کی جائے اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے مسافروں کی حفاظت کے لئے تمام شاہراہوں پراین ایچ اے کی جانب سے مکمل سہولیات فراہم ہونی چاہئیں اور ٹریفک قوانین پرمکمل عملدرآمد ہونے کے ساتھ ساتھ حادثات سے بچنے کے لئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے دعاکرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے افراد کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ بڑا صدمہ صبر و ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے