شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے مستحق نہیں ہیں ، ماہ جبین خالدجمالی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان خواتین ونگ کی نائب صدر و فوکل پرسن ورکرز ویلفیئربورڈ اسکولزماہ جبین خالد جمالی پشاور پولیس لائنز مسجد میں خود کش حملے میں پولیس اہلکاروں سمیت 30سے زائد شہریوں کی شہادت اور 140سے زائدکے زخمی ہونے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد میں نماز پڑھنے والے شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں ابتک سیکورٹی اہلکاروں سمیت ہزاروں افراد اپنی جانوں کے نذرانے دے چکے ہیں پاک فوج اوردیگر سیکورٹی اداروں نے پاکستان کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا بیڑہ اٹھارکھا ہے اور دہشت گردوں کی کمرتوڑ کر رکھ دی ہے بچے کچھے دہشت گردی اپنے غیر ملکی آقاوں کی خوشنودی اور مذموم عزائم کے حصول کیلئے بے گناہ شہریوں اورسیکورٹی اداروں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ ماہ جبین خالد جمالی نے کہا کہ پشاور پولیس لائنز مسجد میں نماز اداکرنے والے پولیس اہلکاروں اور شہریوں کو نشانہ بنانے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں پشاور حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خود کش حملے میں ملوث دہشت گردوں اورانکے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔ انہوں نے خود کش دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اوردیگر شہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت اوردلی ہمدردی جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہاکہ خود کش دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے