جیکب آباد میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں میں خونی تصادم، 5 افراد جاں بحق
جیکب آباد (ڈیلی گرین گوادر)جیکب آباد میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے پانچ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔جیکب آباد کے نواحی علاقے دودا پور میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں میں ہونے والے خونی تصادم میں 5 افراد جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں اور زخمیوں کو تعلقہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایس ایس پی جیکب آباد نے بتایا کہ جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب کہ زمین کے تنازع پر دونوں گروپوں کی پنچایت بیٹھی تھی، اس دوران دونوں گروپوں کے مابین تلخ کلامی ہوئی اور ایک گروپ کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس پر دوسری جانب سے بھی فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ایس ایس پی کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں اب تک پانچ افراد کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے، جب کہ دو افراد کی حالت تشویشناک ہے، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری کو روانہ کردیا گیا تھا، اور دونوں گروپوں سے تعلق رکھنے والے مسلح افراد کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔