بزدل دشمنوں نے اللہ پاک کے مقدس گھر میں نمازیوں کو نشانہ بناکر اللہ پاک کے غضب کو دعوت دی ہے ، نواب ثناء اللہ زہری
کوئٹہ +کراچی(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلی بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے پشاور میں پولیس لائن مسجد میں بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں نواب ثناء للہ زہری نے کہا کہ بزدل دشمنوں نے اللہ پاک کے مقدس گھر مسجد میں نمازیوں کو نشانہ بناکر اللہ پاک کے غضب کو دعوت دی ہے ملک کی سلامتی کے اداروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بدترین دہشت گردی ہے ایسے عناصر انسان کہلانے کے مستحق نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایک بار پھر پشاور شہر کو اپنا نشانہ بنایا ہے لیکن خیبر پختونخواہ کے غیور عوام نے ہمیشہ دشمنوں کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملایا ہے دہشت گردی کی لہر نے سب سے زیادہ بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کو متاثر کیا ہے دونوں صوبوں کی عوام نے ہمیشہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنے سیکورٹی اداروں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہوکر ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے قوم کو اپنے سکیورٹی اداروں اور شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے دہشت گردی کی لہرسے نمٹنے کیلئے اسوقت قوم کو اتحاد اتفاق کی اشد ضرورت ہے۔نواب ثناء اللہ خان زہری نے دھماکہ میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی